پیپلز پارٹی کراچی کی عوام کیساتھ جان بوجھ کر ظلم کر رہی ہے، وفاقی وزیر علی زیدی
کراچی: وفاقی وزیر علی زیدی نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کچرا اٹھا سکتے ہیں، نہ پانی دے سکتے ہیں اور نہ ہی انفراسٹرکچر بنایا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کراچی کے لوگوں کے ساتھ جان بوجھ کر ظلم کر رہی ہے۔
کراچی کی موجودہ صورتحال پر وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو نے کبھی ایک گھنٹہ کوئی کام کرکے کمائی نہیں کی۔ بلاول بھٹو وہ بچہ ہے جو ہر وقت روتا رہتا ہے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ شوگر اور عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی میں وزیراعلیٰ سندھ کا نام ہے۔ کراچی والوں کو پیغام دیتا ہوں کہ پیپلز پارٹی سازش کے تحت شہر کو پیچھے کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کی آڑ میں گندم اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے۔ اگر کراچی کو ٹھیک نہیں کر سکے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ ہم نے گزشتہ سال ایف ڈبلیو او کے ساتھ مل کر نالوں سے کچرا اٹھایا تھا۔


