انسداد بدعنوانی کے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے ، وزیر اعلیٰ

کوئٹہ:۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقدہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ادارہ انسداد بدعنوانی بلوچستان کی کارکردگی اور استعداد کار میں اضافہ سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے اس ضمن میں سیکریٹری ایس اینڈ جی ڈی و ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کی جانب سے پیش کی گئی بعض سفارشات کی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ کی جانب سے سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کو سفارشات کو سمری کے طورپر بھجوانے کی ہدایت کی گئی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری زاہد سلیم، سیکریٹی اطلاعات شاہ عرفان غرشین اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایاز بلوچ بھی اجلاس میں موجود تھے،سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے اجلاس کو ادارے کے ضوابط کار، دائرہ کار اور استعداد کار کے علاوہ اینٹی کرپشن ایکٹ کی دفعات اور لیگل فریم ورک سے متعلق بریفنگ بھی دی، اجلاس میں ادارہ انسداد بدعنوانی کی کارکردگی اور ادارے کی استعداد کار میں اضافہ کرتے ہوئے اسے ایک خودمختار اور بااختیار ادارہ میں ڈھالنے کی ضرورت سے اتفاق کیا گیا جس کے لئے صوبائی انسداد بدعنوانی ایکٹ 2010میں ضروری ترامیم کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں ادارے میں ٹیکنیکل انسپکشن ٹیم کے قیام سے بھی اتفاق کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ادارہ انسداد بدعنوانی کو اس ضمن میں محکمہ مواصلات اور دیگر تکنیکی محکموں کی معاونت سے سفارشات کی تیاری کی ہدایت کی گئی جنہیں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، اجلاس میں ادارے کے انتظامی ڈھانچہ میں مجوزہ تبدیلیوں کے لئے بھی سفارشات کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ بدعنوانی کی روک تھام کے لئے صوبائی سطح پر قائم اداروں میں توازن اور ان کی حدود کا تعین ناگزیر ہے جس کے لئے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کو محکمہ قانون کی مشاورت سے سفارشات کی تیاری کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو ڈویژن اور ضلع کی سطحوں پر انسداد بدعنوانی کے امور کے جائزہ کی کمیٹی کے ماہانہ اجلاس منعقد کرنے اور رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قائم اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ضمن میں موجودہ قوانین اور قواعدوضوابط میں تبدیلیوں اور بہتری کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ محکموں اور اداروں میں ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جس کے اندر افسران اپنی مقرر کردہ ذمہ داریاں خو ددا کریں اور انہیں بخوبی علم ہو کہ وہ کن امو رکے لئے جوابدہ ہیں، ان کے فرائض کیا ہیں اور کیا وہ اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری امور کی انجام دہی میں تیز رفتار اور بروقت فائل ورک اہمیت کا حامل ہے، صوبائی محکموں کے سیکریٹریوں کو اس جانب بھرپور توجہ دینا ہوگی، انہوں نے کہا کہ ماضی میں محکموں کی استعدار کار وسائل اور سہولتوں کی کمی کے باعث محدود تھی تاہم موجودہ حکومت دورحاضر کے تقاضوں اور چیلنجز سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے وسائل اور سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ محکموں کی استعداد کار میں اضافہ کے اقدامات کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں