اسرائیل نے غزہ میں ایک اور اسکول پر بم برسا دیے، 12 افرادجاں بحق

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ میں ایک اور اسکول کو اپنی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنا دیا جس میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غزہ کے سول ڈیفنس حکام نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والے مصطفیٰ حفیظ اسکول پر حملہ کیا۔حکام نے بتایا کہ اسکول پر منگل کی صبح بم برسائے گئے جس میں 2 بچوں سمیت 12 فلسطینی شہید ہوئے۔ اسرائیل نے صرف اگست کے ماہ میں اسکولوں میں پناہ لینے والوں پر 11واں حملہ کیا۔سول ڈیفنس حکام کے مطابق اسکول کی دوسری منزل کو نشانہ بنایا گیا، پہلے سے تباہ شدہ تعلیمی ادارے میں کم از کم 700 بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حالیہ حملے میں 15 افراد شدید زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 40 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 92 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔غزہ میں جنگ بندی کی امید پیدا ہونے کے باوجود اسرائیل کے جنگی جنون میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں