فوج تخریب کاروں اور مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی،کور کمانڈر کانفرنس
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں شرکا نے کہا کہ فوج میں موجود احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کیلئے لازم ہے۔فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔فورم نے ملک میں، خصوصاََ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سرگرم قوتوں، منفی اور تخریبی عناصر اور پاکستان مخالف اندرونی اور بیرونی سہولت کاروں کی سرگرمیوں اور اس کے تدارک کیلئے کئے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیا۔فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’ فوج عوام کی حمایت سے انسداد تخریب کاری کیلئے قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی‘۔فورم نے اس بات پر زور دیا کہ ’فوج ایک منظم ادارہ ہے جس کے ہر فرد کی پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے‘۔کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ فوج احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے، جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثنا کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی۔شرکا نے کہا کہ فوج میں موجود احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کیلئے لازم ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ ’ فوج تخریب کاروں، انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی‘۔فورم نے تخریبی نیٹ ورکس کی ملی بھگت سے چلنے والی غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔فورم نے سخت سائبر سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے سائبر سپیس کے تحفظ پر زور دیا۔فورم نے اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری بربریت اور نسل کشی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔


