بلوچستان اورسندھ کی حکومتیں سمندری تحفظ کیلئے کوششیں بڑھائیں،معاون خصوصی
اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے کہا ہے سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں سمندری نظام کے تحفظ کے لئے کوششیں بڑھائیں۔ اپنے بیان میں رومینہ خورشید نے کہا کہ پاکستان 2030 تک سمندری محفوظ علاقوں میں تیس فیصد توسیع کے عالمی ہدف کے حصول کے لئے کوشاں ہے ، بلوچستان حکومت کی جانب سے چورنا جزیرہ کو سمندری تحفظ کا علاقہ قرار دینا ہدف کے حصول کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں سمندری نظام کے تحفظ کے لئے کوششیں بڑھائیں، چورنا جزیرہ کو سمندری محفوظ علاقہ قرار دینے پر بلوچستان حکومت کی کوششوں کو سراہتی ہوں، چورنا جزیرے کے تحفظ سے پاکستان کی سمندری حیات کو فروغ ملے گا۔رومینہ خورشید نے مزید کہا کہ پاکستان سمندری تحفظ کے لئے پرعزم ہے اور مینگروز کی بحالی میں 300 فیصد اضافہ متوقع ہے ۔ سمندری ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے، انہوں نے سمندری ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔