وزیراعظم کے دو معاونین خصوصی مستعفی
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے استعفی دے دیا۔ انہوں نے کہا عمران خان کے کہنے پر پاکستان آیا۔
ظفر مرزا کا کہنا تھا پوری تندہی اور ایمانداری سے کام کیا۔ اس سے پہلے معاون خصوصی تانیہ ایدروس بھی مستعفی ہوچکی ہیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدروس نے استعفیٰ دے دیا۔ تانیہ ایدروس نے استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دیا۔ انہوں نے کہا میری دہری شہریت پر تنقید کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے اپنے استعفے کی کاپی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی ہے۔ استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا ہے کہ رواں برس کے آغاز سے پاکستان کیلئے خدمات انجام دینا باعث عزت ہے، وزیراعظم کے اعتماد پر ان کی شکر گزار ہوں۔
عمران خان کو بھجوائے گئے استعفے میں تانیہ ایدروس نے مزید کہا کہ وہ صرف اور صرف پاکستان کی خدمت اور وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے آئیں، میری کینیڈا کی شہریت پر تنقید کی جا رہی ہے جو کہ میری خواہش پر مجھے نہیں ملی بلکہ میری پیدائش وہاں پر ہوئی۔ میری دوہری شہریت کی وجہ سے ڈیجٹل پاکستان کا مقصد ماند پڑ رہا ہے۔
تانیہ ایدروس کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی ہیں اور ہمیشہ پاکستانی رہیں گی بلکہ بغیر کسی عہدے کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے لیے کام بھی جاری رکھیں گی۔
یاد رہے کہ گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدروس نے گزشتہ برس 5 دسمبر کو وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے لیے گوگل سے استعفیٰ دے دیا تھا، گوگل سے مستعفی ہونے کے بعد وہ سنگاپور سے پاکستان پہنچی تھیں۔


