آئینی ترمیم ضروری ہے،حکومت کے پاس نمبرز پورے ہیں، شرجیل میمن

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس آئینی ترمیم کے لیے نمبرز پورے ہیں، پیپلزپارٹی سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی حیدرآباد میں راول ہاؤس پرمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان جیل میں بیٹھ کر کوشش کر رہے ہیں کہ انتشار مزید کیسے پھیلے، 9 مئی کے بعد ان کی کوشش ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کیا جائے، انہوں نے تقسیم انتشار کی پالیسی دی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ جلسہ کرنا سب کا حق ہے، لیکن ان کا وزیراعلیٰ اسلحے کا پرچار کر رہا ہے، توڑ پھوڑ ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے سربراہ کو صادق و امین ثاقب نثار نے کیا، ان کے غیر قانونی گھر کو ریگولائز کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جوڈیشری کےچند لوگ قابض ہوئے، پارلیمنٹ کا نقشہ تبدیل کیا، پنجاب میں سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے فیصلے نے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کا وجود ختم کردیا، ان کے فیصلے نےکہہ دیا اب ووٹ آف نو کنفیڈنس نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ چاہتے ہیں ہر کورٹ کا اپنا کام ہو، اس کے لیے آئینی ترمیم ضروری ہے، حکومت کے پاس نمبر پورے ہیں، جب چاہیں ترمیم کرسکتے ہیں، لیکن پیپلزپارٹی سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے،ہر جماعت نے آئینی ترمیم پر تجویز دی ہے، پیپلزپارٹی کہتی ہے کہ سب متفق ہوکر چیزوں کو آگے لے کر چلیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ رہتے ہیں یا جسٹس منصور شاہ آئیں،ہمیں دونوں ہی قابل قبول ہیں، پیپلزپارٹی ہمیشہ آئینی ترمیم چاہتی تھی، 18ویں ترمیم آئی تو اس وقت مسلم لیگ (ن) نہیں مانتی تھی، اب ان کو سمجھ آگئی ہے، 40لاکھ مقدمات کو 77لوگ دیکھ لیں تو عوام کو ریلیف ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں