کوئلہ مائنز میں بدامنی کئی سالوں سے جاری، حکومت نے آج تک کسی ملزم کو نہ گرفتار نہ سزا دی ہے، پشتونخواہ میپ
دکی(یو این اے)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع دکی کا اجلاس پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 18اکتوبر کے احتجاجی جلسے کی تیاریوں کی رپورٹ پیش کی گئی ۔ اجلاس میں جلسہ عام کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی جن میں عوام ، پیٹی ٹھیکیداروں ، کول مائنز اونرز ،لیبرز تنظیموں ، انجمن تاجران ، وکلاءاور تنظیموں سے رابطوں کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے عبدالرحیم زیارتوال ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات تالعمند خان یوسفزئی ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز رزاق خان ترین اور سردار شفیق ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مائنز کے اضلاع میں بدامنی کئی سالوں سے جاری ہے لیکن آج تک کسی واقع کے کسی ملزم کو نہ گرفتار نہ کسی مجرم کو سزا دی گئی ہے ۔ اور اکثر واقعات ایف سی کے تعیناتی کیمپ سے صرف 50یا 100میٹر کے فاصلے پر واقع ہیں اور گھنٹوں کے جاری کارروائی اور فائرنگ اور درجنوں افراد کے قتل ، زخمی اور کروڑوں کی گاڑیاں جلائی گئی اور یہ کارروائیاں تسلسل سے جاری ہیں لیکن کسی بھی واقعہ کا سرکاری طور پر سراغ نہ لگانا سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور صوبائی قوانین میں نامعلوم افراد کے ساتھ تقریباً فی ٹن250روپے وصول کرنا قانون اور آئین کی دھجیاں اڑانے اور تمام پشتونخوا وطن میں مسلط بے اختیار فارم47کی زر وزور کی حکومتوں سے توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہےں اور آج کی دنیا اور ٹیکنالوجی میں ملزمان /مجرمان/دہشتگردوں کا سراغ نہ لگانا حکومت اور لاءانفورسمنٹ ایجنسیوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ اور یہ صورتحال ناقابل برداشت ہوچکا ہے۔ہم واضح کرتے ہیں کہ ملک صوبے اور تمام دنیا میں اس مکروہ ناروا اور غیر انسانی ، غیر اسلامی مجرمانہ دہشتگردی پر مبنی اقدامات کی روک تھام کے لیے پارٹی اپنی آواز بلند کرتے رہے گی جب تک ان واقعات کا خاتمہ اور امن بحال نہیں ہوتا۔


