انٹونی بلنکن سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ کی سعودی عرب کے دورے کے دوران غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کی کوشش کے لیے گفتگو متوقع ہے۔تل ابیب سے سعودی عرب روانگی سے قبل امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ کامیابیوں کو پائیدار اسٹریٹجک کامیابی میں بدل دیا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل اس طرح ایران کو جواب دے کہ زیادہ کشیدگی نہ ہو، یرغمالیوں کی واپسی، جنگ کا خاتمہ اور اس کے بعد کیلئے واضح منصوبہ بندی پر توجہ مرکوز کی جائے۔انٹونی بلنکن نے یہ بھی کہا کہ سب کچھ ہونے کے باوجود خطے میں ایک مختلف سمت کی جانب بڑھنے کا یہ ایک غیر معمولی موقع ہے۔خیال رہے کہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد امریکی وزیرخارجہ غزہ جنگ بندی مذاکرات کے سلسلے میں مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں۔امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن گزشتہ روز (منگل کو) اسرائیل پہنچے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں