بارہمولہ میں بھارتی فوج پر حملہ، سویلین ہلاک ،4 سپاہی زخمی

ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ واقع ناگن علاقے کے قریب نامعلوم افراد نے بھارتی فوج کی گاڑی پر حملہ کیا ہے، جس میں کم از کم چار فوجی زخمی ہوئے ہیں اور ایک سویلین مارا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ ’18 راشٹریہ رائفلز کی گاڑی کو بوٹاپتھر سے آتے ہوئے نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے میں فوجیوں کے ساتھ سفر کرنے والا ایک پورٹر شدید طور پر زخمی ہوا تھا جو بعدازاں انتقال کرگیا۔بارہمولہ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ مبینہ عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی تصدیق ہوگئی ہے۔پولیس نے کہا، ’ناگن پوسٹ کے قریب بارہمولہ ضلع کے بوٹا پتھر سیکٹر میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مزید معلومات حقائق کی تصدیق کے بعد شیئر کی جائیں گی۔‘یہ حملہ جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ایک مزدور کے پراسرار طور پر زخمی حالت میں پائے جانے کے چند گھنٹے بعد ہوا ہے۔ پلوامہ کے ترال علاقے میں اتر پردیش کا رہنے والا ایک مزدور پریتم سنگھ زخمی ہوا، حالانکہ پولیس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ آیا یہ واقعہ عسکریت پسندی سے متعلق تھا۔یہ حملہ زیڈ مورہ ٹنل ورکرز کے ہاؤسنگ کیمپ پر عسکریت پسند حملے میں چھ تعمیراتی مزدور اور ایک ڈاکٹر کی ہلاکت کے تین دن بعد ہوا ہے۔ یہ کارکن خطے میں اہم بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے منصوبے کا حصہ تھے۔