سمندرمیں اسلحہ بردار ٹرالرز کی موجودگی سیکورٹی اداروں کی رضامندی یا ناکامی کو ظاہر کرتا ہے، مولانا ہدایت الرحمان
گوادر (این این آئی )ضلع گوادر کے انتہائی حساس سمندری حدود میں اسلحہ بردار ٹرالرز کی موجودگی سیکورٹی اداروں کی رضامندی یا ناکامی کو ظاہر کرتا ہے,بحری اداروں کی خاموشی معنی خیز ہے، ان خیالات کا اظہار ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اسلحہ بردار ٹرالرز مافیا کی جانب سے فشریز اہلکاروں پر فائرنگ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مچھلی کا شکار کرنے والوں کے پاس بڑی تعداد میں اسلحہ کی موجودگی سیکیورٹی اداروں پر سوالیہ نشان ہے، انتہائی حساس سمندری حدود میں اسلحہ بردار ٹرالرز کی موجودگی سیکورٹی اداروں کی رضامندی یا ناکامی کو ظاہر کرتا ہے مولانا بلوچ نے فشریز اہلکاروں کی جانب سے مسلح ٹرالرز کے خلاف جرات مندانہ کاروائی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد ٹرالرز مافیا کو شکست دے کر رہیں گے مولانا نے مزید کہا کہ ٹرالرز عملے کی جانب سے فشریز اہلکاروں پر فائرنگ کے دوران مدد کے لئے کال کرنے کے باوجود نیوی اور کوسٹ گارڈ کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل نہ دینا انتہائی تشویش ناک ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ نیوی اور کوسٹ گارڈ کا کام صرف ماہیگیروں کی زمین پر قبضہ کرنا ہے ان کو ماہیگیروں کے تحفظ اور فلاح و بہبود سے کوئی سروکار نہیں۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ نیوی اور کوسٹ گارڈ اگر اسلحہ بردار ٹرالرز مافیا کے سامنے بے بس ہیں اور سمندر کی حفاظت کرنے سے قاصر ہیں تو ان کو یہاں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔


