صحافی مطیع اللہ جان کے اغواء پرپولیس نے رپورٹ جمع کروا دی، کسی محکمے نے جواب نہیں دیا ہے،متن
اسلام آباد:سینیئر صحافی مطیع اللہ جان کے اغواء پر آئی جی اسلام آباد نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی، پولیس رپورٹ کے مطابق تاحال کسی محکمے کا کوئی جواب وصول نہیں ہوا. پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقدمے کے اندراج کے بعد وزارت دفاع، آئی بی، ایم آئی اور آئی ایس آئی سے معاونت کی درخواست کی گئی،پولیس تحقیقات میں ابھی تک کسی محکمے نے جواب نہیں دیا. رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جائے وقوعہ کی جیو فنسنگ رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی،موبائل کال ڈیٹا کے لیے موقعے کے دن ہی درخواست متعلقہ محکمے کو لکھ دیا گیا تھا.پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سیف سٹی کے کیمروں کے ریکارڈ بھی ابھی تک موصول نہیں ہوا،جائے بازیابی سے آنکھوں کی کالی پٹی، ٹیپ برآمد کر لیے گئے،آنکھوں کی پٹی اور منہ پر باندھی گئی ٹیپ کی فرانزک رپورٹ بھی تاحال موصول نہیں ہوئی،نادرا نے فوٹیج میں موجود اغواء کاروں کی شناخت بارے کوئی جواب نہیں دیا.رپورٹ کے مطابق معاملے کی ایس آئی ٹی نے تفتیش کی اس معاملے پر جے آئی ٹی بنائی جائے گی،مطیع اللہ جان کے اغواء مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 بھی شامل کر لی گئی،ملزمان کی تلاش اور شناخت کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں، تمام اضلاع کی پولیس اور ایف آئی اے کو خط لکھا گیا،تمام اضلاع کی پولیس اور ایف آئی نے جواب میں کہا کہ مطیع اللہ جان مطلوب نہیں۔۔۔۔۔توصیف


