بھارت کا پاکستان ٹیم بھیجنے سے انکار، ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا

نئی دہلی ،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ 23 نومبر سے پاکستان میں شروع ہورہا ہے، تاہم بھارت نے پاکستان میں ٹیم نہ بھیجنے اور میگا ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارت کی مودی حکومت نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کے لیے این او سی دینے سے انکار کر دیا ہے، اس سے قبل وزارت کھیل نے بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان جانے کے لیے این او سی جاری کردیا تھا تاہم وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا۔بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے مطابق وزارت خارجہ نے این او سی دینے سے انکار کیا ہے، بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری شیلندرا یادیو نے کہا ہے کہ ہمیں ابھی لیٹر ملنا ہے لیکن اب ہم نے گفتگو کی بنیاد پر پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔شیلندرا یادیو کا کہنا ہے کہ ہم 25 روز حکومتی اجازت کا انتظار کر رہے تھے ، ہم اب مزید انتظار نہیں کرسکتے کیونکہ اب ٹورنامنٹ شروع ہورہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت خارجہ سے فون پر این او سی کے حوالے سے بات کی تو وزارت نے این او سی نہ دینے کا بتایا، ہمیں کہا گیا ہے ٹیم پاکستان جائے گی نہ اس ایونٹ میں شریک ہوگی، پاکستان جانے سے انکار اور بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ سے دستبرداری کا باضابطہ لیٹر بھی جاری کیا جائے گا۔بھارت کے پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے دستبردار ہونے پر پاکستان کا ردعمل سامنے آگیا۔بھارت کے فیصلے پر چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے انکار کا نہیں بتایا، ہمیں تاحال تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔سلطان شاہ نے کہا کہ ہمیں نہیں علم کہ انہوں نے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے، بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں