عمران خان کی رہائی کیلئے سب ڈرامہ بازی ہورہی ہے،فیصل واڈا
اسلام آباد(آئی این پی )سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا نے کہا ہے کہ کچھ عناصر ملک میں عدم استحکام چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے سب ڈرامہ بازی ہورہی ہیں ،5سے 7 ہزار لوگ مشینری لا کر وفاق پر چڑھائی کی بات کر رہے ہیں ،ہر روز کوئی نا کوئی آخری کال آجاتی ہے ابھی 24 نومبر کی آئی ہے، 24 نومبر کو کوئی رہائی نہیں ہورہی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واڈا نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی کسی ملک کے معاملات میں مداخلت نہیں کی لیکن بیرون ملک سے پاکستانی معاملات میں مداخلت کی جارہی ہے، دیگر ممالک اپنے کام سے کام رکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی تو بہت جگہ ہورہی ہے، کوئی آواز کیوں نہیں اٹھاتا، عافیہ صدیقی کے کیس پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی، فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تو کوئی خط نہیں لکھا گیا، کیا امریکا کو پاکستان میں دہشت گردی نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ بتایا جائے پاکستان میں کہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، بانی پی ٹی آئی کے لیے سب ڈرامہ کررہے ہیں۔5سے 7 ہزار لوگ مشینری لا کر وفاق پر چڑھائی کی بات کر رہے ہیں ،ہر ماہ کال تبدیل ہوتی رہتی ہے، تاریخ تبدیل ہوئی تو کوئی حیرت نہیں ہوگی، ابھی نومبر میں کال ملی ہے یہ پھر جنوری میں جائے گی۔فیصل واڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈال کر مراعات لی جارہی ہیں اور یہ ان کی آخری کال ہے، اسمبلیوں کو مداخلت روکنے کیلیے فرنٹ فٹ پر کردار ادا کرنا ہوگا، بتایا جائے علی امین گنڈاپور آج کیا پیغام لے کر اڈیالہ گئے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو کوئی اجازت نہیں دی جائے کہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے، یہ ہماری ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان آج یہاں پر کھڑا ہے، آپ تجاویز دیں، مداخلت برادشت نہیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ بانی کا سودا کرکے پی ٹی آئی رہنما ریلیف مانگ رہے ہیں، یہ اپنے بانی کے لیے مزید مشکلات پیدا کررہے ہیں، پی ٹی آئی میں مخصوص ٹولہ اور ان کے بچے پیسے کمارہے ہیں۔فیصل واڈا نے کہا کہ 24 نومبر کو ہی کیوں احتجاج کی کال دی کیوں کہ 25 کو عمران خان پر فرد جرم عائد کی جائے گی تاہم 24 نومبر کو کوئی رہائی نہیں مل رہی ہے۔میں پرانا پی ٹی آئی کا ورکر رہ چکا ہوں۔ میں چاہتا ہوں بانی پی ٹی آئی کے جیل میں ہونے کا کوئی فائدہ نہ اٹھائے۔ عموما ایسا ہی ہوتا ہے لیڈر کے جیل میں ہونے سے لوگ لاشوں پر بھی سیاست کرتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو بچانے کیلئے کوئی مخلص نہیں ہے۔ سب کمپرومائز لوگ پارٹی میں موجود ہیں۔ فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ امریکی کانگریس کے لوگ انسانی حقوق کے چیمپین بنے بیٹھے ہیں۔ مجھے اپنا دوست بنائیں اور اچھی نصیحت کریں لیکن غلامی اور مداخلت ہمارے ملک میں نہیں ہوسکتی۔ کانگریس اور اقوام متحدہ آگئے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ عافیہ صدیقی اور شام پر کوئی خط نہیں آتا۔ ڈونلڈ ٹرمپ پر امریکا میں حملہ ہوا وہ بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی۔ میں اس میں آپ ہر الزام لگا دیتا ہوں۔میں بھی اقوم متحدہ کو اس حوالے سے خط لکھ دیتا ہوں۔ اس سے کسی کو کیا فرق پڑے گا۔


