بجلی کے فی یونٹ پر 26 روپے ریلیف کی منظوری

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) نے سردیوں کے لیے بجلی پیکج کی تحت فی یونٹ 26 روپے ریلیف کی منظوری دے دی۔ڈان نیوز کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے سردیوں میں بجلی کے فی یونٹ پر 26 روپے تک ریلیف ملے گا۔اعلامیہ کے مطابق پاور ڈویژن نے سردیوں کے لیے بجلی پیکج کی سمری پیش کی تھی، پیکج کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا، سردیوں میں بجلی کےفی یونٹ پر26 روپےتک ریلیف ملے گا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کےمقابلے اضافی بجلی کےاستعمال پرٹیرف میں ریلیف دیا جائے گا، اضافی بجلی پر 26 روپے7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دینے کی منظوری دی گئی۔مزید کہا گیا ہے کہ پیکج موسم سرما کے3 ماہ دسمبر 2024 سےفروری 2025 کے لیےہوگا، بجلی سہولت پیکج کااطلاق گھریلو،کمرشل،صنعتی صارفین کے لیے ہوگا، پیکج کااطلاق اضافی 25 فیصد تک یونٹس کے استعمال پر ملے گا۔اعلامیے کے مطابق گھریلوصارفین کو ٹیرف پر11.42 روپےسے 26 روپے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا، کمرشل صارفین کو 13.46 روپے سے 22.71 روپے فی یونٹ ریلیف ملے گا جبکہ صنعتی صارفین کو 5.72 روپے سے 15.05 روپے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں وفاقی حکومت نے موسم سرما کے لیے بجلی سہولت پیکیج کے تحت موسم سرما کے 3 ماہ بجلی کے اضافی استعمال پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ تک ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا۔ونٹر پیکج میں گھریلو صارفین کو دسمبر تا فروری کے دوران بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔کمرشل صارفین کو دسمبر تا فروری کے دوران بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 34 فیصد یا 13 روپے 46 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 47 فیصد یا 22 روپے 71 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔صنعتی صارفین کو دسمبر تا فروری کے دوران بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی

اپنا تبصرہ بھیجیں