تھانہ آئی نائن مقدمہ ،علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع

اسلام آباد(صباح نیوز) انسداد ددہشتگردی عدالت نے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنماﺅں کے خلاف تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج طاہر محمود سپرا نے مقدمے پر سماعت کی۔دوران سماعت وکلا صفائی کی جانب سے ملزم فیصل جاوید اور واثق قیوم کی حاضری سے استثنیٰٰ کی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصل جاوید، واثق قیوم اور راجہ خرم کے ضمانتی مچلکے منسوخ کردیئے ۔عدالت نے عدم حاضری پر وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی، عدالت کی بار بار طلبی کے باوجود علی امین گنڈا پور پیش نہیں ہورہے تھے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور، فیصل جاوید، راجہ خرم اور واثق قیوم کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں