وزیراعظم کا کھربوں روپے کے ٹیکس فراڈ کی نشاندہی کرنے والے کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، عوام کے ٹیکس پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف شکنجہ مضبوط کیا جائے گا، ٹیکس بیس میں اضافے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف بی آر کے سینئر افسر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایف بی آر کے سینئر افسر اعجاز حسین نے کھربوں روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کی کوشش کی بروقت نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کی۔ وزیراعظم نے اعجاز حسین کی فرض شناسی کو سراہتے ہوئے ان کی ایمانداری کے اعتراف میں ان کے لیے 50 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے اعجاز حسین کی فرض شناسی پر انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں فرض شناس افسران اور اپنے پیشے سے مخلص باصلاحیت لوگوں کی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے ایماندار لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر اصلاحات کے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام کا ٹیکس چوری کرنے اور ان کی معاونت کرنے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی، غریب عوام کے ٹیکس پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف قانون کے شکنجے کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز حسین نے اس احسن اقدام سے ملک و قوم کی خدمت کی ہے جو لائق تحسین ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر ٹیکس فراڈ کی اس مذموم کوشش کی تفصیلی تحقیقات کے بعد ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔ انہوں نے ایف بی آر ٹیکس فراڈ میں ملوث عناصر اور ان کی معاونت کرنے والوں کو سزا دلوانے کیلئے بہترین قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سیلز ٹیکس چوری کیلئے 80 برس کی خاتون کے کوائف کو استعمال کیا گیا، 4 مارچ 2024 کو ایف بی آر کے سینئر افسر اعجاز حسین نے ٹیکس فراڈ کی اس کوشش کی نشاندہی کی، سیلز ٹیکس فراڈ کی اس کوشش میں ابتدائی طور پر 37 کروڑ منتقل بھی ہوئے جس کی ریکوری کا عمل جاری ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹیکس فراڈ کی کوشش میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار کیا جا چکا ہے۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ تفصیلی تحقیقات کے بعد ٹیکس فراڈ کی کوشش میں مبینہ معاونت کرنے والے ایف بی آر کے حکام کی نشاندہی کرکے انہیں بھی قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے ٹیکس بیس میں اضافے کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، ایف بی آر کی اصلاحات اور مکمل ڈیجیٹائزیشن سے مستقبل میں بھی اس قسم کی کارروائیوں کی روک تھام ہو سکے گی۔


