آن لائن پلیٹ فارمز پر بچوں کے حوالے سے کئی طرح کے چیلنجز کاسامنا ہے، شزہ فاطمہ
اسلام آباد (این این آئی)وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آن لائن پلیٹ فارمز پر بچوں کے حوالے سے کئی طرح کے چیلنجز کاسامنا ہے، بچوں کا جدید ٹیکنالوجی سے تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے ،حکومت نوجوانوں کی فلا ح و بہبود اور انہیں بااختیاربنانے سے متعلق جدید پروگراموں پر کام کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یوتھ سیفٹی سمٹ پاکستان سے خطاب کرتےہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے دور میں سائبرسکیورٹی کامسائل زیادہ پیچیدہ اور سنجیدہ ہورہے ہیں۔ سوشل میڈیا میں ریگولیشن کی ایک لمبی لسٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سینیٹ میں بچوں کی حفاظت کا ایکٹ منظور کیاگیا ہے۔ آسٹریلیا نے بچوں کے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق قانون سازی کی۔شزہ فاطمہ نے کہا کہ اجتماعی طور پر سوشل میڈیا سیفٹی کے لئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ والدین کی آگاہی کیلئےپروگرامز شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بچوں کی خودکشیاں کرنے کے واقعات ہورہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ سوشل میڈیا بند کردیں۔ضرورت اس امر کی ہے ابھرتی ٹیکنالوجیز سے کیسے محفوظ طریقے سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف طریقوں سے بچوں کو ان لائن نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔ آج چالیس لاکھ سے زائد نوجوان آن لائن سرگرمیوں سے جڑے ہیں۔بچوں کا جدید ٹیکنالوجی سے تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ شزہ فاطمہ نے کہاکہ ہمیں سوشل میڈیا مواد کی تیاری کے حوالے سے آگاہی دینا ہو گی۔ نوجوانوں کی ڈیجیٹل پروٹیکشن کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔


