شہبازشریف کا بشریٰ بی بی کے سعودی عرب سے متعلق بیان کو سب سے بڑی پاکستان دشمنی قرار

تونسہ شریف(مانیٹر نگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے بشریٰ بی بی کے سعودی عرب سے متعلق بیان کو سب سے بڑی پاکستان دشمنی قرار دے دیا۔تونسہ شریف میں کچھی کینال منصوبے کی بحالی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ سعودی عرب پاکستان کا مربی دوست، بھائی اور برادر ملک ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، سعودی عرب نے بلاتفریق ہمیشہ پاکستان کے عوام اور حکومتوں کی ہر محاذ پر بھرپور مالی، سفارتی اور عالمی حمایت کی ہے۔تونسہ شریف میں کچھی کینال منصوبے کی بحالی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کی وہ مدد کی ہے جس کی کوئی مثال نہیں ہے اور بدلے میں کبھی کوئی مطالبہ نہیں کیا، جس طرح ایک بھائی دوسرے بھائی کی مدد کرتا ہے سعودی عرب نے ویسے ہی ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔بشریٰ بی بی کے سعودی عرب سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اس سے بڑی دشمنی نہیں ہوسکتی، وہ ملک جس نے کبھی پاکستان سے کوئی مطالبہ نہیں کیا اور ہمیشہ پاکستان کے لیے اپنے دروازے کھولے۔انہوں نے کہاکہ ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف کے سب لوگ گواہ ہیں کہ کس بے دردی سے اس غریب قوم کا پیسہ برباد کیا گیا اور الحمدللہ 2018 میں نوازشریف کے دور میں اس منصوبے کو مکمل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کچھی کینال منصوبے کی فزیبلٹی کا آغاز وزیراعظم نوازشریف کے دور میں کیا گیا اور جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں کچھی کینال منصوبے کا بیڑا غرق کیا گیا، بغیر ٹینڈر کیے منصوبہ ٹھیکیداروں کے حوالے کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ کچھی کینال کی بحالی پر بلوچستان اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیراعلیٰ بلاچستان کی ذاتی کاوشوں سے کچھی کینال کی بحالی کا مرحلہ مکمل ہوا، کچھی کینال منصوبے کے اصل محسن نواز شریف ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Saddam Wali. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے