کرم، مسلح کارروائیوں میں دونوں جانب 80 سےزائد افراد قتل، حکومت ثالتی کیلئے کوشاں

کرم(مانیٹر نگ ڈیسک)حکومت خیبر پختونخوا کے وفد نے ضلع کرم میں 2 گروہوں میں ہونے والے پرتشدد واقعات کو روکنے کے لیے قبائلی رہنماؤں سے ملاقات کی جب کہ دونوں جانب سے 80سے زائد افراد قتل اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو گاڑیوں کے قافلے پر مسلح افراد کے حملے میں کم از کم 49افراد مارے گئے تھے۔صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات محمد علی سیف نے بتایا کہ دونوں اطراف کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے حکومتی وفد ہفتے کو کرم کے مرکزی شہر پاراچنار روانہ ہوا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفد نے شیعہ رہنماؤں سے ملاقات کی اور اتوار کو سنی رہنماؤں سے ملاقات کے لیے رات بھر قیام کیا اور جنگ بندی کے معاہدے اور معاملے کو حل کرنے کے لیے کوشش کی، ان کا کہنا تھا کہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقات میں مثبت پیش رفت ہوئی۔2 سرکاری ذرائع نے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گاڑیوں پر حملوں کے بعد ہونے والی جھڑپوں میں مرنے والوں کی تعداد کم از کم 28 ہو گئی۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مرنے والوں کی تعداد اس سے زیادہ ہوسکتی ہے، مواصلاتی ذرائع منقطع ہیں اور اموات کے بارے میں تازہ معلومات موصول ہونے میں مشکلات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری وفد کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر پر بھی فائرنگ کی گئی لیکن وہ ہفتے کو بحفاظت لینڈ کرنے میں کامیاب رہا۔جھڑپوں کے دوران مسلح گروہوں نے ان علاقوں پر حملہ کیا جہاں حریف لوگ آباد تھے، کئی گھروں کو خالی کرا لیا گیا ہے جب کہ بازار اور اسکول بند ہیں، عہدیداروں نے بتایا کہ متعدد پٹرول پمپس کو نذر آتش کردیا گیا۔واضح رہے کہ ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 43 اموات کے بعد جھڑپوں میں شدت آگئی، پولیس نے بتایا کہ کو بگن، مندوری اور اوچت کے مقام پر 200 مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی تھی جس سے 6 گاڑیاں نشانہ بنیں، فائرنگ کے واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت 45 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس نے بتایا تھا کہ ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے علیزئی اور بگن کے قبائل کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، اس کے علاوہ بالش خیل، خار کلی اور کنج علیزئی اور مقبل قبائل کے مابین بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں