آرمی چیف سے چینی ملٹری کمیشن کے وائس چئیرمین کی ملاقات، پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ اداکیا

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک)چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات کی، پاک فوج کے سربراہ نے باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر زور دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل ژانگ یوشیا نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، علاقائی استحکام کے لیے اقدامات اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے ہرموسم کے دیرینا مثالی تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر کھڑے ہیں جب کہ پاک چین تعلقات اور تاریخی شراکت داری وقت کی کسوٹی پر ہمیشہ پورا اترے ہیں۔پاک فوج کے سربراہ نے بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہونے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ وائس چیئرمین ژانگ یوشیا نے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے حوالے سے پاکستان کی ثابت قدمی کو سراہا۔انہوں نے انسدادتخریب کاری کی جاری کوششوں میں پاک فوج کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور اس پائیدار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں