ہمیں خود نہیں معلوم مراد سعید کہاں ہے، وزیراعلی ہاؤس میں موجودگی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، بیرسٹر سیف
پشاور (مانیٹر نگ ڈیسک) وفاقی حکومت کے مراد سعید کی وزیراعلی ہاؤس کے پی میں موجودگی کے دعویٰ پر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ مراد سعید کی وزیراعلی ہاؤس میں موجودگی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، شرمندگی اٹھانا چاہتے ہیں تو وزیراعلی ہاؤس آجائیں۔بیرسٹرسیف نے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خود نہیں معلوم مراد سعید کہاں ہے، اگر پتہ ہوتا تو ان کے لیے ضرورکچھ کرتے۔صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ اگر ان لوگوں کو مراد سعید نظر آیا تھا تو اسے پکڑ لیتے، انہیں مراد سعید کو پکڑنے سے کس نے روکا تھا؟انہوں نے کہا کہ مراد سعید اسلام آباد جاکر کیسے بھاگ گیا ؟ وہ وہاں نہیں تھا، معلوم ہوتا تو عطا تارڑ سے پوچھ کر میں بھی مراد سعید سے مل لیتا۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں انہیں کہا تھا حکومت نے ہمیں سنگجانی میں احتجاج کی آفر کی ہے، ڈی چوک جانا مناسب نہیں ، بانی پی ٹی آئی نے اجازت دی کہ سنجگانی میں دھرنا دے دیں۔صوبائی مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ بعد میں اسلام آباد میں جو کچھ بھی ہوا وہ ایسا فیصلہ تھا جو ان حالات میں پارٹی نے کیا تھا۔بیرسٹر سیف نے قاسم سوری کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے غلط بات کی ہے، بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے کہیں نہیں لے جایا گیا۔علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے وزیر مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ مراد سعید کے حوالے سے وفاقی حکومت کا دعویٰ من گھڑت ہے، مراد سعید احتجاج شریک تھا تو انہوں نے اسے گرفتار کیوں نہیں کیا ؟صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت لوگوں کی 26 نومبر کے واقعہ سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کررہی ہے ، اگر وفاق اس بہانے سی ایم ہائوس پر کارروائی کرنا چاہتا ہے تو یہ اس کی بھول ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو پتہ تھا کہ بشریٰ بی بی کس گاڑی میں تھی؟ حکومت کو پتہ تھا دیگر گاڑیوں میں کون بیٹھے ہیں؟ وفاقی حکومت نے احتجاج میں اپنے لوگ شامل کیے تھے۔مینا خان آفریدی نے کہا کہ ہم فضول بیانات پر وقت ضائع نہیں کرینگے، وفاق سے سوال کرینگے احتجاج پر فائرنگ کیوں کی گئی؟


