جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس، عمران خان سمیت 60 ملزموں پر فرد جرم عائد، عمر ایوب اور راجا بشارت گرفتار
روالپنڈی(مانیٹر نگ ڈیسک) اڈیالہ جیل راولپنڈی میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان سمیت 60 ملزموں پر فرد جرم عائد کردی گئی، فرد جرم عائد ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور سابق صوبائی وزیر قانون راجا بشارت کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔ڈان نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید، راجا بشارت، اسد شفیق اور زرتاج گل وزیر سمیت 60 ملزموں کے خلاف فرد جرم عائد کردی گئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد اڈیالہ جیل سے باہر نکلنے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کو گرفتار کرلیا گیا۔


