بلوچستان کے ساحلی علاقوں سمیت 18 اضلاع میں یخ بستہ سرد ہوائیں چلنے کا امکان، پی ڈی ایم اے
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان کے ساحلی علاقوں سمیت 18 اضلاع میں یخ بستہ سرد ہوائیں چلنے کا امکان، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا7 سے 9 دسمبر تک ماہی گیروں کو گہرے سمندر جانے سے گریز کی ہدایتکوئٹہ، 7 سے 9 دسمبر کے دوران ساحلی علاقوں سمیت بلوچستان کے 18 اضلاع میں تند و تیز اور گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان، پروینشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان نے باقاعدہ طور پر الرٹ جاری کردیا، ماہی گیر 9 دسمبر تک گہرے سمندر جانے سے گریز کریں، محکمہ ماہی گیری اورماڑہ کا ماہی گیروں کو ہدایت، تفصیلات کے مطابق پروینشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے کہ 7 سے 9 دسمبر 2024 کے دوران بلوچستان کے ساحلی علاقوں سمیت 18 اضلاع میں گردآلود اور یخ بستہ سائبرین ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق 7 سے 9 دسمبر کے دوران بلوچستان کے ساحلی علاقوں سمیت کیچ، پنجگور، آواران، گوادر، واشک، خاران، چاغی، نوشکی، سوراب، قلات، کچی، مستونگ، کوئٹہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، ژوب، زیارت اور ملحقہ علاقوں میں شدید تیز اور گردآلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔ الرٹ کے مطابق اس دوران گردآلود اور یخ بستہ سرد سائبیرین ہواں کے باعث ساحلی علاقوں سمیت درج بالا اضلاع میں درجہ حرارت انتہائی نیچے گر سکتا ہے جس سے سردی کی شدت میں بے انتہا اضافہ متوقع ہے جبکہ اس دوران سمندری حالات بھی قدرے ناہموار اور کھردرے رہ سکتے ہیں۔ دوسری جانب اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ ماہی گیری اورماڑہ نے ماہی گیروں کو گہرے سمندر جانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گردآلود تیز ہواں کے سبب سمندر میں طغیانی کے پیش نظر ماہی گیر 7 سے 9 دسمبر تک گہرے سمندر جانے سے گریز کریں جبکہ اپنی کشتیاں اور ماہی گیری آلات محفوظ مقامات پر منتقل کریں تاکہ کسی قسم کی جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہ سکیں۔


