انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف عمران خان کی درخواست سماعت کیلئے11دسمبر کو مقرر
اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی سابق وزیراعظم و بانی تحریک انصاف عمران خان کی درخواست سمیت دیگر اہم مقدمات آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کردیے۔سپریم کورٹ کی آئینی بینچ کمیٹی نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی11 دسمبر کو 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا۔جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی آئینی بینچ میں شامل ہیں، اس کے علاوہ جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان اور جسٹس شاہد بلال بھی 7 رکنی آئینی بینچ کا حصہ ہیں۔واضح رہے کہ مارچ میں عمران خان نے ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ حامد خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ سپریم کورٹ کے غیر جانبدار حاضر سروس ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ جوڈیشل کمیشن عام انتخابات اور اس کے نتائج کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے۔عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مزید استدعا کی گئی تھی کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے تک وفاق اور پنجاب میں حکومتی تشکیل کے اقدامات کو معطل کیا جائے، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔اس کیس کے علاوہ مٹھی ہسپتال سندھ میں بچوں کی اموات کے کیس کی سماعت 9 دسمبر کو ہوگی، غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم افغان باشندوں کی بے دخلی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت بھی 9 دسمبر کو ہوگی۔جاری کاز لسٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف 25 مئی کے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کیس 10 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کے اندراج کیخلاف درخواست پر سماعت بھی 10 دسمبر کو ہوگی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر سماعت 11 دسمبر کو ہوگی۔جاری کاز لسٹ کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کیخلاف درخواستیں 12 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔


