پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنماوں کی حفاظتی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں
پشاور(یو این اے) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے رہنماں کی حفاظتی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد نے پی ٹی آئی رہنماں کی درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے ساجد خان مہمند، فضل محمد، محمد احمد چھٹاں، چودھری آصف علی، ایم این اے محبوب، سلیم شاہ اور صاحبزادہ صبغت اللہ کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔ ساتھ ہی عدالت نے متعلقہ اداروں سے جواب طلب کرتے ہوئے 24 دسمبر تک ان رہنماوں کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا۔دوران سماعت، عدالت نے استفسار کیا کہ یہ درخواست گزار متعلقہ عدالت میں کیوں نہیں جا رہے؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ ممبران قومی اسمبلی اپنے گھر تک نہیں جا سکتے، لہذا انہیں حفاظتی ضمانت کی ضرورت ہے۔عدالت نے درخواست گزاروں کو دو ہفتے تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان رہنماں کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے مزید کہا کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے درخواست گزار اسلام آباد یا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کریں۔


