حکومت نے غریب سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے،احسن اقبال
لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہاہے کہ اس سے پہلے عوام آپ کو غیض و غضب کا نشانہ بنائیں آپ خود ہی اقتدار سے الگ ہو جائیں،سی پیک کے ثمرات تباہ ہو رہے ہیں،بڑے بڑے دعوؤں کے باوجود عمران خان دو سال میں معیشت ٹھیک نہیں کر سکے تو پچاس سالوں میں بھی نہیں کرسکیں گے،دیامیر بھاشا ڈیم سمیت کسی قومی منصوبے کیلئے پیسے نہیں،ریور راوی فرنٹ منصوبے سے اربوں ڈالر سے کیسے بنائے جائیں گے؟اگرآپ کے پاس پیسے ہیں تو 10ارب روپے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو دیدیں،نیب پی ٹی آئی کا ذیلی ادارہ ہے جس دن چینی چوروں، بی آر ٹی اور ادویات بحران کے ذمہ داروں کو پکڑا گیا تو اس دن کہیں گے ہوا کا رخ بدل رہاہے،آپ جھوٹے وعدے اورخواب دکھا کر حکومت میں آئے آپ سے حکومت نہیں چل رہی اس لئے بہتر ہے مستعفی ہو کر گھر واپس چلے جائیں، ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ میڈیا نے پی ٹی آئی کی اتنی کردار کشی یا احتساب نہیں کیا جتنی (ن) لیگ کی گئی، ہم نے دھرنے یا ٹانگیں نہیں کھینچیں۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسی ناکام ہو چکی ہے، اس حکومت نے غریب سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے انتقامی کارروائی کے علاوہ حکومت کی کوئی پالیسی نہیں۔T-16


