یونان کشتی حادثہ،3 انسانی اسمگلرز کیخلاف مقدمہ درج، غفلت کے مرتکب 2 ایف آئی اے افسران گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث 3 انسانی اسمگلرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جب کہ غفلت برتنے پر ایف آئی اے کے 2 افسران کو گرفتار کیا گیا۔رپورٹ کے مطبق گرفتار ملزمان میں انسپیکٹر زبیر اشرف اور سب انسپیکٹر شاہد عمران شامل ہیں جو فیصل آباد ایئرپورٹ پر بطور شفٹ انچارج تعینات تھے۔رپورٹ کے مطابق گرفتار افسران نے اسکریننگ کے عمل میں غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کیا، یونان کشتی حادثے میں 18 متاثرین نے فیصل آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک سفر کیا تھا۔17 متاثرین کو یونان کشتی حادثے میں ریسکیو کر لیا گیا جب کہ سفیان نامی متاثرہ شہری کی کشتی حادثے میں موت واقع ہوئی۔ایف آئی اے کے مطابق متاثرین سے عبدالروف نامی ایجنٹ نے یونان جانے کے لیے بھاری رقوم وصول کی جب کہ مقدمے میں عبدالروف سمیت دیگر 2 انسانی اسمگلرز عباس ذوالفقار اور قمر الزمان نامزد کئے گئے ہیں۔وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، دیگر انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں