ملزمان کی سزاؤں سے واضح ہوگیا 9 مئی کاماسٹر مائنڈ عمران خان تھا، عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی ملزمان کی سزاؤں سے واضح ہوگیا ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی تھا۔ایک بیان میں عطا تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کو ملک کےلیے قربانی دینے والوں کی یادگاروں کو گرایا گیا، بانی پی ٹی آئی کارکنوں کو تشدد اور توڑ پھوڑ کی طرف لے کر گئے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی ملزمان کو سزاؤں کے بعد واضح ہوگیا کہ اس کا ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی تھا، فوجی تنصیبات پر حملے کرنے کی سیاسی دہشت گردی پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ لوگ آئی ایم ایف کو کہتے تھے پاکستان کو قرض نہ دیا جائے، ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے، اسٹاک مارکیٹ اوپر جارہی ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ واضح ہوگیا کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ کون تھا؟ بانی پی ٹی آئی نے اس ملک میں تشدد کی سیاست کا راستہ دکھایا، تنصیبات پر اس سے پہلے کبھی حملے نہیں کیے گئے تھے ۔عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ سیاسی اختلاف دلیل اور بات چیت کے ساتھ ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی نے سیاست میں تفریق ڈالی، نفرت ڈالی، سیاسی دہشت گردوں نے سیاست کا لبادہ اوڑھ کر دہشت گردی کی۔لاہور میں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن میں جو وعدے کیے تھے اس کی تکمیل کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہم احسان بھولنے والے لوگ نہیں ہیں، ہمیں عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت ترقی کررہی ہے، روپیہ مستحکم ہورہا ہے، لاہور مسلم لیگ ن کا قلعہ تھا، قلعہ ہے اور ن لیگ کا قلعہ رہے گا۔عطا تارڑ نے کہا کہ دوست ممالک کی طرف سے ملک میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی جارہی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر اور ایکسپورٹ میں اضافے کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال 32 فیصد مہنگائی تھی اب 4 فیصد رہ گئی ہے، اسٹاک مارکیٹ نے کبھی ایک لاکھ کو کراس نہیں کیا تھا،اب پی ایس ایکس روز نئے رکارڈ توڑتی ہے۔