سول نافرمانی کی تحریک موخر یا منسوخ کرنے کا فیصلہ عمران خان کریں گے، شیخ وقاص اکرم
اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ملاقات کی دعوت قبول کر لی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج (پیر کو) ہماری مذاکراتی کمیٹی ملاقات کے لیے جائے گی، ملاقات کی پیشرفت سے بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا جائے گا۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک موخر یا منسوخ کرنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے، بانی پی ٹی آئی مستقبل کی حکمت عملی کا تعین کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے حکومتی کمیٹی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گی۔ دریں اثنا پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کیلئے مطالبات کا ڈرافٹ تیار کر لیا۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے 5 ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کی رہائی کی فہرست تیار کر لی گئی، سیاسی قیدیوں کی فہرست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام سرفہرست رکھا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران پی ٹی آئی سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبات رکھے جائیں گے۔تیار ڈرافٹ کے مطابق جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ کے 3 انتہائی سینئر ججز پر مشتمل ہونے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔


