عمران خان کیخلاف القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ کل نہیں سنایا جائے گا، صاحبزادہ حامد رضا کا دعویٰ

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ کل نہیں سنایا جائے گا۔پی ٹی آئی کے اتحادی صاحبزادہ حامد رضا نے یہ دعویٰ ڈان نیوز کے پروگرام دوسرا رخ مین اینکرپرسن نادر گرامانی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انھیں ایسی خبریں مل رہی ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ کل نہیں سنایا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے میرے پاس جو اطلاعات آرہی ہیں ان کے مطابق کل القادر ٹرسٹ کا فیصلہ نہیں سنایا جا رہا، میں ان اطلاعات کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ جب صبح 9 سے لے کر رات 9 بجے تک جب سماعت کریں گے، جب لوڈشیڈنگ ہو، لائٹ بند کردی جائے اور فیصلہ محفوظ کرلیا جائے ، اس کے اندر آپ ایک بندے کو سزا دیں گے۔سربراہ سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آئی کہ کیس کی وجہ کیا ہے جب کہ عمران خان نے کوئی فائدہ لیا نہیں ہے، نہ پیسے ان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے، نہ انہوں نے اس سے فائدہ لیا، پیسا اب بھی ریاست کے اکاؤنٹ میں پڑا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ٹرسٹ ہے، یہ ویسا ترسٹ نہیں ہے جہاں گردوں کے جعلی آپریشن ہوتے ہیں، وہ تصوف کی تعلیمات کے لیے ایک یونیورسٹی ہے جس سے قوم کی نسلوں نے مستفید ہونا ہے۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا مجھے کنفرم نہیں ہے لیکن میرے موبائل پر دو جگہ سے یہ پیغام آیا ہے جس کی میں تصدیق کرنے کی کوشش کر رہا ہوں لیکن ہماری اس حوالے سے کسی سے کوئی بات نہیں ہوئی۔سربراہ سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کے لیے اپنے لیے کوئی ریلیف نہیں مانگا، یہ بات میں بلکل واضح کردینا چاہتا ہوں، ہمارا اور پارٹی کا سب سے بڑا مطالبہ یہ ہے کیونکہ سب سے بڑا سیاسی قیدی عمران خان ہے، عمران خان نے اپنے کوئی فیور یا ریلیف نہیں مانگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں