جنوبی وزیرستان، فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 13 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
روالپنڈی (مانیٹر نگ ڈیسک) فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی وزیرستان میںدہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران فورسز کی کارروائی میں 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن سرا روغہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا تھا، ہلاک ہونے والے دہشت گرد فورسز پر حملوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل 21 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے راجگال میں پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے 19 اور 20 دسمبر کی رات پاک۔افغان بارڈر پر خارجیوں کے گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلایا، کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں خیبر سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی بھی شہید ہو گیا تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغان عبوری حکومت سے مسلسل مؤثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضا کرتا چلا آیا ہے۔