پاکستان کی افغانستان میں کالعدم تنظیم کے کیمپوں پر بمباری، افغان حکومت کی حملوں کی تصدیق، حملے میں عام شہریوں کی اموات کا دعویٰ

اسلام آباد (مانیٹر نگ ڈیسک)سیکیورٹی حکام کاکہنا ہے کہ پاکستان کے لڑاکا طیاروں نے افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیکا میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 4 مبینہ کیمپوں پر بمباری کی، جس میں کئی مشتبہ دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع برنال کے علاقے مرغا اور لامان میں ٹی ٹی پی کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک کیمپ شیر زمان عرف مخلص یار، کمانڈر ابو حمزہ، کمانڈر اختر محمد اور ٹی ٹی پی کے میڈیا ونگ کے سربراہ عمر میڈیا کے زیر استعمال تھا۔افغان وزارت دفاع کی طرف سے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں طالبان حکومت نے پاکستانی فورسز کی جانب سے کیے گئے حملے کی رپورٹس کی تصدیق کی، لیکن دعویٰ کیا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں کئی بچے اور دیگر شہری شامل ہیں۔خبر شائع ہونے کے وقت تک بمباری کے حوالے سے مزید معلومات دستیاب نہیں تھیں۔یہ حملے اسی دن ہوئے جب نمائندہ خصوصی محمد صادق کی قیادت میں پاکستانی وفد نے کابل میں افغان عبوری وزیر داخلہ سراج الدین حقانی اور وزیر خارجہ امیر متقی سے ملاقات کی تاکہ ایک سال کے طویل وقفے کے بعد سفارتی بات چیت بحال کی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں