اپوزیشن جماعتوں سے قانون سازی کے معاملے میں کوتاہی ہوئی،راناثناء اللہ

اسلام آباد:مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کی جانب سے عمران خان کی حکومت کے5سال پورے کرنے کی ضمانت دے کر باہر جانے کی بات سراسر بے بنیاد ہے۔ایف اے ٹی ایف کے متعلق قانون سازی میں نوازشریف سے مشاورت کی گئی تھی۔اپوزیشن جماعتوں سے قانون سازی کے معاملے میں کوتاہی ہوئی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جب ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے قانون سازی ہونے جارہی تھی تو مسلم لیگ(ن) پوری طرح سے اپنے قائد نوازشریف کو آگاہ رکھے ہوئے تھی۔مجموعی طور پر چاربلز پر قانون سازی ہونا تھی جن میں سے نیب اور فنانشنل ٹیررازم کا بل تو مؤثر ہوگئے جبکہ بقیہ دو بلوں میں ترمیم کے بعد انہیں پاس کیا گیا،ان بلوں کا پاس کیا جانا ریاست کی ضرورت تھی۔حکومت نے نیب اور معاشی دہشتگردی والے بل واپس لئے جبکہ میوچل لیگل اسسٹنس اور ایف اے ٹی ایف کے بل پاس ہوئے،دونوں بلوں کی منظوری کے حوالے سے نوازشریف کی رائے سے استفادہ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ مل بیٹھ کر ترامیم پر غورکریں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا شکوہ بالکل جائز ہے کہ اپوزیشن کی باقی جماعتوں سے حکومتی مشاورت کے وقت مولانا فضل الرحمن کی جماعت کو آن بورڈ نہیں لیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ اے پی سی کے پلیٹ فارم پر فیصلے اتفاق رائے سے ہوں گے اور ان پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے دھرنے سے قبل ہی پیپلزپارٹی کھل کر جبکہ مسلم لیگ(ن) دبے لفظوں میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرچکی تھی۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوازشریف کی جانب سے عمران خان حکومت کے پانچ سال پورے کرنے کی ضمانت دے کر ملک سے باہر جانے کا تاثر درست نہیں ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں