ژوب، افغان سرحد سے در اندازی کی کوشش کرنے والے 5 دہشتگر د ہلاک، آئی ایس پی آر
روالپنڈی (مانیٹر نگ ڈیسک) فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور 19 جنوری کی رات خوارج کے ایک گروپ نے پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے ژوب کے علاقے سمبازہ سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسزکی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 5 خوارج مارے گئے، پاکستان عبوری افغان حکومت سے مسلسل کہتا آرہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ترجمان فوج کے مطابق توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، افغان حکومت خوارج کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کو ضلع ژوب میں پاک افغان بارڈر پر دراندازی ناکام بنانے پر خراج تحسین کیا ہے۔صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا اور کارروائی کے دوران 5 خوارج جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔صدر آصف زرداری نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ملکی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا۔