بلوچستان میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی، سردی کی شدت میں اضافہ
کوئٹہ(یو این اے )محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بلوچستان میں عمومی طور پر موسم سرد جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گاکوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پشین، ژوب اور زیارت میں ہلکی بارش اور برف باری متوقع ہے۔ بالائی علاقوں جیسے توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی اور کان مہتر زئی میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری تک گر چکا ہے، جبکہ دیگر بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 8 سے 10 ڈگری تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے چمن اور دیگر بالائی اضلاع میں حالیہ برف باری کے بعد معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ متاثرین کے مطابق، صرف مرکزی رابطہ سڑکوں کو بحال کیا جا سکا ہے، جبکہ دیہات کی بیشتر رابطہ سڑکوں پر بحالی کا کام ابھی تک شروع نہیں ہو سکابلوچستان کی پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے چمن میں حالیہ برف باری سے متاثرہ خاندانوں کو رمضان فوڈ پیکیج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد متاثرین کی مشکلات کو کم کرنا اور انہیں درکار امداد فراہم کرنا ہے محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے عوام کو سردی کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو گرم کپڑے پہننے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور شدید برف باری والے علاقوں میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔