خطرناک کیمیکل کی موجودگی ، کوکا کولا نے فینٹا اور سپرائٹ سمیت کئی مشروبات فوری واپس منگوا لیے
لندن :مشہور مشروبات بنانے والی کمپنی کوکا کولا نے فینٹا، سپرائٹ اور دیگر مشروبات کی بڑی تعداد کو فوری واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق کچھ بیچز میں کلوریٹ نامی کیمیکل کی مقدار زیادہ پائی گئی ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ یہ متاثرہ مشروبات برطانیہ، بیلجیم، فرانس، جرمنی، لکسمبرگ اور نیدرلینڈز میں نومبر سے بھیجے گئے تھے۔ کمپنی نے بتایا کہ مسئلہ ایپلٹائزر، کوکا کولا اوریجنل ٹیسٹ، کوکا کولا زیرو شوگر، ڈائیٹ کوک اور سپرائٹ زیرو کے 328 GE سے 338 GE پروڈکشن کوڈ والے کچھ کین اور شیشے کی بوتلوں میں پایا گیا ہے۔ یہ پروڈکشن کوڈ کین کے نیچے یا بوتل کے لیبل پر موجود ہوتا ہے۔ڈیلی سٹار کے مطابق کلوریٹ ایک ایسا کیمیکل ہے جو پانی کی صفائی اور کھانے کی پروسیسنگ کے دوران کلورین کے ٹوٹنے سے پیدا ہوتا ہے۔ اس کے زیادہ مقدار میں استعمال سے بچوں اور نوزائیدہ بچوں میں تھائرائیڈ کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس کے فوری اثرات میں متلی، الٹی، سانس لینے میں دشواری اور جلد کی جلن شامل ہو سکتی ہے۔کمپنی کی پروڈکٹس میں یہ مسئلہ بیلجیم کے شہر گینٹ میں موجود فیکٹری میں معائنے کے دوران دریافت ہوا۔ کوکا کولا کمپنی نے صارفین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ متاثرہ بیچز کے مشروبات سے گریز کریں اور انہیں فوری طور پر واپس کریں۔