خیبرپختونخوا میں نیا وزیراعلیٰ نہیں آرہا ہے، جنید اکبر خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے نئے صدر جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور سے اختلاف رائے ہوتا ہے یہ کوئی نئی بات نہیں، صوبے میں نیا وزیراعلیٰ نہیں آرہا ہے۔نجی نیوز کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔ہاؤس کے کیفیٹریا میں ایاز صادق سے ملاقات کرنے والوں میں تحریک انصاف کے جنید اکبر، عاطف خان اور ارباب شیر علی شامل تھے جب کہ ملاقات میں پیپلزپارٹی کی نفیسہ شاہ اور جے یو آئی (ف) کے نور عالم بھی موجود تھے۔اس موقع پر صحافی کی جابن سے اسپیکر قومی اسمبلی سے سوال کیا گیا ’آپ نے جنید اکبر کو پی ٹی آئی کا صدر بننے پر مبارکباد دی‘ اور مذاکرات دوبارہ ہورہے ہیں یا مشکل ہے؟جس پر ایاز صادق نے جواب دیا کہ جی، جنید اکبر کو مبارکباد دی تھی اور مذاکرات کے حوالے سے تو حکومت بتائے گی یا پھر اپوزیشن، میں تین میں ہوں نہ تیرا میں۔پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مذاکرات میں ڈیڈلاک ختم کرنے کے لیے کردار ادا کیا۔صحافی نے پی ٹی آئی رہنما سے سوال کیا کہ ایسی خبریں ہیں کہ پارٹی میں کوئی نیا وزیراعلیٰ آرہا ہے جس کا نام عین سے آتا ہے جس پر جنید اکبر نے جواب دیا ایسی کوئی بات نہیں ہے، کوئی نیا وزیراعلیٰ نہیں آرہا۔ان کا کہنا تھا کہ میرا علی امین گنڈا پور سے اختلاف رائے ہوتا ہے یہ کوئی نئی بات نہیں اور سب جانتے ہیں میرا بانی پی ٹی آئی سے سب سے زیادہ اختلاف رائے ہوتا ہے۔’تاہم، اس کا یہ مقصد نہیں کہ ہم الگ ہیں یا پارٹی میں کوئی الگ گروپ ہے اور عمران خان کی قیادت تلے سب اکھٹے ہیں‘۔