دکی، مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، دوسرازخمی

دکی ( آئی این پی )نانا صاحب زیارت کے قریب گمبذ کے علاقے میں مسلح افراد کی ویٹس گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مرحبا خان ولد عبدالمالک جعفر اور زخمی کی شناخت ادریس خان ولد ملا واحد جعفر کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے وقت گاڑی میں پانچ افراد سوار تھے، تاہم پچھلی سیٹ پر موجود تینوں نوجوان معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ یہ نوجوان فٹبال میچ دیکھنے کے بعد واپس جا رہے تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔ واقعے کے بعد لاش اور زخمی کو فوری طور پر سول اسپتال دکی منتقل کیا گیا جہاں زخمی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق فائرنگ معمولی رنجش کے باعث پیش آئی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Load/Hide Comments