صدر آصف زرداری کی بیجنگ میں چین کے عظیم ہال کا دورہ، چینی صدر کا استقبال

بیجنگ(مانیٹر نگ ڈیسک)چین کے سرکاری دورے پر موجود صدر مملکت آصف علی زرداری بیجنگ میں عظیم ہال پہنچے، جہاں چینی صدر شی جن پنگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی عظیم عوامی ہال آمد کے موقع پر مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔اس موقع پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، جبکہ دونوں ممالک کے صدور نے اپنے وفود کا تعارف کروایا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر پاکستان آصف علی زرداری 5 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے تھے۔اس سے قبل صدر آصف علی زرداری نے چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چا لے چی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار دوستی کو مزید اجاگر کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کی دوستی دہائیوں کے دوران مزید گہری اور وسیع ہوئی ہے جبکہ پاک چین تعلقات کی بنیاد تزویراتی باہمی اعتماد پر قائم ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جاری عملی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اعلی سطحی تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ فریقین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کی اعلی معیار کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا اور سائنس و ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے اور زرعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری عوام کی خوشحالی پر مرکوز ترقی کی ایک روشن مثال ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پارلیمانی تبادلوں، سی پیک سیاسی جماعتوں کے مشترکہ مشاورتی میکانزم میں شرکت اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔