خضدار، لیویز فورس نے ڈاڈھیارو (کتے جی قبر) میں چیک پوسٹ قائم کردی

خضدار (نمائندہ انتخاب ) ڈھاڈاروکوہسار بلوچستان پر صوبہ سندھ قبضے کا نوٹیفکیشن، ضلعی انتظامیہ خضدار حرکت میں آگئی، فوری طور پر لیویز فورس کی رسد ڈھاڈارو پہنچ گئی، لیویز چیک پوسٹ قائم، بلوچستان کی زمین و پہاڑ بلوچستان کے رہیں گے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں سندھ حکومت کے ادارے ثقادتی ورثہ (تحفظ)کی جانب سے بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقہ ڈھاڈارو (کتے کی قبر)والی پہاڑی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کرکے اسے سندھ کا حصہ قرار دینے کی کوشش کی تھی، اور ایسا پہلی بار نہیں کررہا تھا بلکہ اس سے قبل 2018 میں بھی سندھ نے ایسی کوشش کی تھی، سندھ کے اس اقدام کو اس وقت کے ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمن بلوچ نے ناکام بنا یا تھا اور اس بار موجودہ ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ خضدار نے سندھ کی اس کوشش کو ناکام بنارہی ہے۔ لیویز فورس کی بھاری نفری ضلع خضدارکے علاقہ ڈھاڈارو (کتے کی قبر) والے علاقے میں پہنچ کر وہاں لیویز فورس کا مستقل بنیادوں پر ایک چیک پوسٹ قائم کرکے قومی پرچم لہرایا گیا۔ضلعی انتظامیہ خضدار نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ بلوچستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لئے کمر بستہ ہے اور کسی بھی غیر قانونی اقدام کو قبول نہیں کیا جائیگا ضلع خضدار بلوچستان کی حق ملکیت والے علاقے کی حفاظت کی جائیگی، اس سے قبل سیکریٹری ٹورازم بلوچستان نے بھی سندھ حکومت کو خط لکھ کر تمام دستاویزات کے ساتھ بتایاتھاکہ وہ بلوچستان کے حصے کو سندھ کا حصہ قرار دینے سے گریز اور اپنے نوٹیفکیشن کو واپس لے لیں اور اسی طرح ڈپٹی کمشنر خضدار نے بھی سینئر بورڈ آف ریونیو کو مراسلہ لکھ کر ساری صورتحال سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد ڈسٹرکٹ خضدار کی انتظامیہ نے فوری طور پر یہ اقدام اٹھا تے ہوئے متعلقہ علاقے میں لیویز فورس کا چیک پوسٹ قائم کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں