پاکستان پر امریکاکا کوئی دباؤ ہے اور نہ ہی دباؤ قبول کرے گا، اسحاق ڈار

مانیٹرنگ ڈیسک : نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پر واشنگٹن کا کوئی دباؤ ہے اور نہ ہی دباؤ ڈالے جانے پر اسے قبول کیا جائے گا۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اپنے دورہ امریکا کے اختتام پر اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔پاکستان واپسی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کے حکام سے ان کا کوئی سرکاری رابطہ نہیں تھا۔اسحٰق ڈار نے بتایا کہ او آئی سی ممالک کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا ایک غیر معمولی اجلاس 7 مارچ کو جدہ میں منعقد ہوگا، جس میں خاص طور پر فلسطینی عوام کی منتقلی سے متعلق حالیہ امریکی تجاویز کی روشنی میں، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران ایران، مصر، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے اور او آئی سی کا موقف پیش کرنے کے لیے فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے سرحد پار حملوں میں اضافے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے بارہا عبوری افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گرد تنظیموں کو لگام دے اور اس معاملے پر ان پر دباؤ ڈالتا رہے گا۔انہوں نے افغان رہنماؤں کو ان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو یاد دلانے کے لیے کابل کا دورہ کرنے کے منصوبوں کا بھی انکشاف کیا، یعنی ان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔اسحٰق ڈار نے یاد دلایا کہ 2018 میں ملک سے دہشت گردی کی لعنت کا تقریباً خاتمہ ہو چکا تھا، لیکن کالعدم ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کی ایک بڑی تعداد کو ملک میں دوبارہ داخل ہونے کی اجازت دی گئی، انہوں نے کالعدم ٹی ٹی پی کے دوبارہ ابھرنے کا ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیوں کو قرار دیا۔سیکیورٹی خدشات کے علاوہ انہوں نے افغانستان کے لیے پاکستان کے انسانی ہمدردی کے عزم پر بھی زور دیا اور اس کی معاشی ترقی کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ ’ہم افغانستان کی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، جس میں افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیا اور پاکستان کے درمیان رابطے کے منصوبوں پر عمل درآمد بھی شامل ہے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں