خیبر پختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک کردیے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (پ ر) خیبر پختونخوا کے دو مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ کارروائی کے دوران فوج کے 2 جوان بھی جاں بحق ہوگئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مہمند ایجنسی میں مسلح افراد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران فوج کے جوانوں نے تخریب کاروںکے مقام کو مو¿ثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 7 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، ہلاک ہونے والے افراد تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ترجمان فوج کا کہنا تھا کہ مہمند ایجنسی میں تخریب کاروں سے مقابلے کے دوران فوج کے 2 جوان بھی جاں بحق ہوگئے، حوالدار محمد زاہد کا تعلق مالاکنڈ اور سپاہی آفتاب علی کا تعلق چترال سے ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں آپریشن کے دوران 2 تخریب کاروں کو ہلاک کیا گیا، آپریشنز میں ہلاک افراد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ترجمان فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں دیگر تخریب کاروں کے خاتمے کے لیے سینٹیزیشن آپریشن جاری ہے۔