وفاق صوبوں کی شکایات حل کرنے کے بجائے نئے پینڈورا باکس کھول رہا ہے،شیری رحمان

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وفاق صوبوں کی شکایات حل کرنے کے بجائے نئے پینڈورا باکس کھول رہا ہے، تباہی سرکار کی نظر کراچی کی معیشت پر ہے،وفاقی حکومت شروع دن سے سندھ کے ساتھ غیر آئینی سلوک کررہی ہے،سندھ وفاقی کی کالونی نہیں،حکومت صوبوں اور لوگوں کے بیچ نفرتیں مت پیدا کرے،پہلے ہی صوبوں کو وفاق سے شکایات ہیں۔جمعہ کو اپنے بیان میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے تب سے سندھ کے خلاف غیرمناسب بیانات آ رہے ہیں،وزرا اور اٹارنی جنرل کے بیان کی پارلیمان میں وضاحت مانگی جائے گی، کبھی آرڈیننس کے ذریعے ملک چلانے کی بات کی جاتی ہے تو کبھی صوبائی حکومت گرانے کی دھمکی دی جاتی ہے،وفاقی حکومت کبھی گورنر راج لگانے کی دھمکی دیتی ہے ،کبھی کراچی کو وفاق کے زیر نگرانی کرنے کی باتیں سامنے آتیں ہیں،سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ تباہی سرکار کو معلوم ہونا چاہئے ملک میں جمہوریت ہے آمریت نہیں، آپ پہلے بیس کلو میٹر پر مبنی اسلام آباد کو تو چلا کر دکھائیں، اس کے بعد کراچی کی باتیں کریں،وفاق کی ذمہ داری ہے کہ تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلے، سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ تباہی سرکار ہر معاملے پر صوبوں کے حقوق کو نظرانداز کر رہی ہے،وفاقی حکومت ٹیکس ہدف پورا کرنے میں ناکام ہوتی تو الزام سندھ پر ڈالا جاتا، سندھ اپنے ٹارگٹ سے زیادہ ٹیکس جمع کر رہا ہے،کراچی ملک کا ستر فیصد ریونیو پیدا کرتا ہے، تباہی سرکار کی نظر کراچی کی معیشت پر ہے،وفاقی حکومت شروع دن سے سندھ کے ساتھ غیر آئینی سلوک کررہی ہے،سندھ وفاقی کی کالونی نہیں،حکومت صوبوں اور لوگوں کے بیچ نفرتیں مت پیدا کرے،پہلے ہی صوبوں کو وفاق سے شکایات ہیں،وفاق صوبوں کی شکایات حل کرنے کے بجائے نئے پینڈورا باکس کھول رہا ہے۔()

اپنا تبصرہ بھیجیں