لانگ مارچ پر خودکش دھماکے کی تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں، رحمت صالح بلوچ

نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماءبلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے لک پاس میں بی این پی کے لانگ مارچ ودھرنے کے قریب خودکش دھماکہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی قیادت اور تمام جماعتوں کی نمائندگی اس لانگ مارچ ودھرنے میں موجود ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ احتجاجی مظاہرین کو سیکورٹی فراہم کرے، یہ ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خودکش دھماکہ میں سیاسی قائدین اور کارکنوں کے محفوظ رہنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس خودکش دھماکہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں انہوں نے لانگ مارچ کے قائدین اور شرکاءکےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت اور شخص کا بنیادی حق ہے اس کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا درست اقدام نہیں، اس سے سیاسی کارکن مزید مایوس اور پارلیمانی سیاست سے دور ہوتے جائیں گے کیونکہ الیکشن میں دھاندلی کی وجہ سے نوجوانوں کا پارلیمانی سیاست پر اعتماد کمزور ہوچکا ہے، بجائے اس اعتماد کو بحال کرنے کے مزید کمزور کرنے کی کوششیں باعث تشویش ہیں یہ بلوچستان کی خدمت نہیں اس سے بلوچستان کا مسئلہ مزید گمبھیر صورت اختیار کرجائے گا، حکمرانوں کو چاہیے کہ اسے اقدامات سے گریز کریں ورنہ معاملات اگر مزید خراب ہوئے تو سوائے پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔