اسرائیل کے غزہ میں فضائی حملے، سو سے زائد فلسطینی شہید، متعدد زخمی

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں سو سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فلسطینی میڈیکل اتھارٹی کے غزہ کے شمال میں واقع ایک اسکول میں پناہ لیے ہوئے کم از کم 100 فلسطینی اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئے۔ اسکول کے ملبے سے 14 بچوں اور 5 خواتین کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، حملے میں 70 لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں نیا زمینی حملہ کرتے ہوئے کم از کم مزید 30 فلسطینیوں کو شہید کردیا، خان یونس میں ایک ہی اسرائیلی حملے میں 25 فلسطینی شہید ہوئے۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق غزہ کے محکمہ شہری دفاع نے بتایا کہ آج صبح سے جاری اسرائیلی حملوں میں کم ازکم 30 فلسطینی شہید ہوگئے۔ جنوبی غزہ کے نصر ہسپتال کے طبی ذرائع نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ غزہ میں آج صبح سے جاری حملوں میں 30 فلسطینی شہید ہوگئے، خان یونس میں صرف ایک ہی حملے میں 25 افراد شہید ہوگئے۔