وفاقی بجٹ 25-26، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 6، پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی بجٹ 26-2025 کی منظوری دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 6 فیصد اضافے اور پنشنرز کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔ بجٹ دستاویز کو پولیس کی سخت سیکورٹی میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں پہنچادیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اگلے مالی سال کے لیے تقریبا 18 ہزار ارب روپے کا بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جس میں تقریبا 2 ہزار ارب روپے کے نئے ٹیکس عائد ہوں گے۔ نئے بجٹ میں غیرترقیاتی اخراجات 16 ہزار 286 ارب روپے ہوں گے، جبکہ اگلے سال بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جو 6 ہزار 501 ارب روپے بنتا ہے۔ تمام شعبوں میں ٹیکس استثنا ختم کرنے کی بھی تجویز ہے جبکہ ٹیکس ریونیو کا ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے اور نان ٹیکس ریونیو وصولی کا ہدف 5 ہزار 167 ارب روپے تجویز کیے جانے کا امکان ہے۔ نان ٹیکس ریونیو ملا کر 19 ہزار 298 ارب روپے مقرر کرنے کا ہدف ہے۔


