معاشی اشاریے باعث اطمینان ہیں، آئندہ بجٹ کے بعد ہمیں معاشی ترقی پر توجہ دینی ہے، وزیراعظم
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے جہاں ہمیں آگے بڑھنا ہے، تمام معاشی اشاریے باعث اطمینان ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے۔ آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیے جانے سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں جو ظلم ہورہا ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ وقت ہے کہ عالمی طاقتیں اپنا اثر بروئے کار لاتے ہوئے جنگ بندی کا اہتمام کریں، کیونکہ وہاں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو آزادی ملے گی، پاکستان کے عوام کشمیری اور فلسیطنی بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سوا سال میں جن سنگین حالات اور چیلنجز کا پوری قوم اور حکومت نے سامنا کیا وہ کسی بھی لحاظ سے معمولی کامیابی نہیں، عام آدمی نے جو قربانیاں دی ہیں، تنخواہ دار طبقے نے جو پچھلے بجٹ کے حوالے سے جو بوجھ اٹھایا ہے وہ کہتے ہیں کہ اشرافیہ نے کتنا بوجھ اٹھایا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ آئندہ بجٹ کے بعد ہمیں معاشی ترقی پر توجہ دینی ہے، ہم نے روایتی جنگ میں اپنے دشمن کو شکست فاش دی ہے، اسی سے آپ اندازہ کرلیں کہ اگر یہ جنون اور یہ تڑپ ہو کہ ہم نے معاشی میدان میں بھی آگے نکلنا ہے اور مخالفین کو پیچھے چھوڑنا ہے اور پاکستان کو اس کا حق دلوانا ہے تو یہ مشکل ضرو رہے مگر ناممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہوگا، قوم اس وقت پوری طرح متحد ہے، یہ لمحہ صدیوں میں آتا ہے اور ہمیں اس لمحے کو ضائع نہیں کرنا، اور شبانہ روز محنت سے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں پاکستان ایسے مقام پر کھڑا ہے جہاں ہمیں آگے بڑھنا ہے، تمام معاشی اشاریے باعث اطمینان ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر، آئی ٹی ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے۔


