وعدہ صادق سوئم، ایرانی میزائل حملوں میں 5 اسرائیلی شہری ہلاک، 170 سے زائد زخمی، متعدد عمارتیں تباہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے جوابی کارروائی وعدہ صادق سوئم کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کردیے، گزشتہ رات سے جاری حملوں میں اسرائیل کی کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں جبکہ ان حملوں کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 اسرائیلی شہری ہلاک اور 170 سے زائد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کا سلسلہ رات بھر جاری رہا، اور 150 سے زائد ہائیپر سانک اور بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔ ایران کی جانب سے تل ابیب میں اسرائیلی جوہری تحقیقی مرکز اور اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ہیڈکوارٹرز پر بھی میزائل حملہ کیا گیا۔ ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ایران کے حملوں میں تقریباً 80 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جن میں سے ایک خاتون سمیت 5 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے، باقی افراد کو معمولی سے درمیانے درجے کے زخم آئے یا انہیں شدید ذہنی دباﺅ کا سامنا کرنا پڑا، درجنوں افراد تاحال زیر علاج ہیں، جبکہ کچھ زخمیوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیل کے حکام نے 3 ہلاکتوں اور 170 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔


