ایران پر امریکی حملہ، پوپ لیو، اقوام متحدہ سمیت متعدد ممالک کی شدید مذمت، سعودی عرب میں ہائی الرٹ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) عیسائیوں کے چودھویں پوپ لیو نے امریکا کی جانب سے ایران میں جوہری مقامات پر حملے کی خبر پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت امن کے لیے پکار رہی ہے، انہوں نے جنگوں کے خاتمے کی اپیل کی۔ اے ایف پی نے رپورٹ کیا کہ پوپ لیو نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے ہر رکن پر اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جنگ کے اس سانحے کا خاتمہ کرے، اس سے پہلے کہ یہ ایک ناقابلِ تلافی خلیج بن جائے۔ پوپ لیو نے ویٹی کن میں ہفتہ وار اینجلس دعا کے دوران کہا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ سے آنے والی ’تشویش ناک خبروں‘ پر ردِعمل دے رہے ہیں۔ دریں اثنا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران پر امریکی حملے کو کشیدگی میں خطرناک اضافہ قرار دے دیا۔ انتونیو گوتریس نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس بات کاخطرہ بڑھتا جارہا ہے کہ یہ تنازع تیزی سے قابو سے باہر ہوسکتا ہے۔ اس سے عام شہریوں، خطے اور دنیا پر تباہ کن اثرات پڑ سکتے ہیں۔ یو این کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اس خطرناک گھڑی میں افراتفری کی لہر سے بچنا ضروری ہے، تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ دوسری جانب ایران پر امریکی حملے کے بعد روس، چین، بھارت، سعودی عرب سمیت متعدد ممالک نے اپنا شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر امریکی حملے جنگ کی آگ کو مزید بھڑکا دیں گے، مذکورہ ممالک کے سربراہان کا کہنا تھا کہ فریقین معاملات کو بات چیت سے حل کریں۔ علاوہ ازیں ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے ممکنہ طور پر پورے خطے میں پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر سعودی عرب میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ بحرین اور کویٹ نے بھی ہنگامی اقدامات کرلیے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد سعودی عرب نے اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے، اس حوالے سے دو باخبر ذرائع نے رائٹرز کو بتایا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور حالات پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں